جمعرات، 30 اگست، 2018

پاؤں جمتے نہیں ہیں کائی پر ۔ ۔ ۔ راول حسین

راول حسین

پاؤں جمتے نہیں ہیں کائی پر

تف ہے ایسی کسی رسائی پر
۔ ۔ ۔
ایک بوسیدہ شہر ہاتھ لگا

اک نئے شہر کی کھدائی پر
۔ ۔ ۔
ایسے نازک سے واسطہ ہے جسے

چوڑیاں بوجھ ہیں کلائی پر
۔ ۔ ۔
گھر نہ تقسیم کر میرے بھائی

تیرا احسان ہو گا بھائی پر
۔ ۔ ۔
ایسے حالات ہیں کہ میرا باپ

معترض ہے مری پڑھائی پر
۔ ۔ ۔
دو گھڑی کا وصال بھاری ہے

زندگی بھر کی آشنائی پر
۔ ۔ ۔
کارخانے سے چھٹیاں لوں گا

گاؤں میں فصل کی کٹائی پر
۔ ۔ ۔

بدھ، 2 مئی، 2018

اسکی امید ناز کا ہم سے یہ مان تھا کہ آپ ۔ ۔ ۔ جون ایلیا


اسکی امید ناز کا ہم سے یہ مان تھا کہ آپ

عمر گزار دیجیۓ عمر گزار دی گئی
۔ ۔ ۔

منگل، 1 مئی، 2018

یعنی تیری نظر میں کوئی دوسرا بهی ہے ۔ ۔ ۔ جون ایلیا

جون ایلیاء اردو لفظ شاعری

اچها تیری نظر میں بہت منفرد ہوں میں

یعنی تیری نظر میں کوئی دوسرا بهی ہے
۔ ۔ ۔

اس سے ملے تو زعمِ تکلم کے باوجود ۔ ۔ ۔ احمد فراز

احمد فراز اردو لفظ شاعری

اس سے ملے تو زعمِ تکلم کے باوجود

جو سوچ کر گئے وہی اکثر نہیں کہا
۔ ۔ ۔

بعد مرنے کے بھی چھوڑی نہ رفاقت میری ۔ ۔ ۔ امیر مینائی

امیر مینائی اردو لفظ شاعری

بعد مرنے کے بھی چھوڑی نہ رفاقت میری

میری تربت سے لگی بیٹھی ہے حسرت میری
۔ ۔ ۔

جی میں‌ آئے تو یہ دیوار گرا بھی دینا ۔ ۔ ۔ محسن نقوی

محسن نقوی اردو لفظ شاعری

خط بھی لکھنا اسے مایوس بھی رہنا اس سے

جرم کرنا بھی مگر خود کو سزا بھی دینا

مجھ کو رسموں کا تکلف بھی گوارہ لیکن

جی میں‌ آئے تو یہ دیوار گرا بھی دینا
۔ ۔ ۔

جمعہ، 27 اپریل، 2018

افواہ تھی کہ میری طبیعت خراب ہے ۔ ۔ ۔ راحت اندوری

راحت اندوری اردو لفظ شاعری

افواہ تھی کہ میری طبیعت خراب ہے

لوگوں نے پوچھ پوچھ کے بیمار کر دیا
۔ ۔ ۔

اک دوسرے کو جان نہ پائے تمام عمر ۔ ۔ ۔ پروین شاکر

پروین شاکر اردو لفظ شاعری

اک دوسرے کو جان نہ پائے تمام عمر

ہم ہی عجیب تھے یا زمانہ عجیب تھا

کھونا تو خیر تھا ہی کسی دن اسے مگر

ایسے ہوا مزاج کا پانا عجیب تھا
۔ ۔ ۔

اب آئینے کے سِوا کوئی روبرو نہیں ہے ۔ ۔ ۔ عرفان ستار

عرفان ستار اردو لفظ شاعری

درون ِ دل ترا ماتم ہے، کُو بہ کُو نہیں ہے

ہمارے مسلک ِ غم میں یہ ہاؤ ہُو نہیں ہے
۔ ۔ ۔
یہ کس کو اپنے سے باہر تلاش کرتے ہیں

یہ کون ہیں کہ جنھیں اپنی جستجو نہیں ہے
۔ ۔ ۔
میں جیت بھی جو گیا تو شکست ہوگی مجھے

مرا تو اپنے سِوا کوئی بھی عدو نہیں ہے
۔ ۔ ۔
نہیں ہے اب کوئی زندان تک برائے قیام

رسن بھی اب پئے آرائش ِ گُلو نہیں ہے
۔ ۔ ۔
تمام عمر کی ایذا دہی کے بعد کھُلا

میں جس کی یاد میں روتا رہا وہ تُو نہیں ہے
۔ ۔ ۔
تُو چیز کیا ہے جو کی جائے تیری قدر میاں

کہ اب تو شہر میں غالب کی آبرو نہیں ہے
۔ ۔ ۔
نہیں چمن کے کسی گُل میں تجھ بدن سی مہک

شراب خانے میں تجھ لب سا اک سُبو نہیں ہے
۔ ۔ ۔
تُو خود پسند، تعلی پسند تیرا مزاج

میں خود شناس، مجھے عادت ِ غُلو نہیں ہے 
۔ ۔ ۔
ہے سرخ رنگ کی اک شے بغیرِجوش و خروش

تری رگوں میں جو بہتا ہے وہ لہُو نہیں ہے
۔ ۔ ۔
ہر ایک اچھا سخن ور ہے داد کا حق دار

کہ بددیانتی اہلِ سخن کی خُو نہیں ہے
۔ ۔ ۔
کہاں سے ڈھونڈ کے لاتا ہے اپنے حق میں دلیل

جناب ِ دل سا کوئی اور حیلہ جوُ نہیں ہے
۔ ۔ ۔
نگار و جون و رسا سے ملی ہے داد ِ سخن٭

مجھے اب اِس سے زیادہ کی آرزو نہیں ہے
۔ ۔ ۔
منافقت کا لبادہ اتار دے عرفان

اب آئینے کے سِوا کوئی روبرو نہیں ہے
۔ ۔ ۔

جس جگہ بولنا واجب ہو ، وہاں بولتا ہے ۔ ۔ ۔ ذوالفقار ذکی

ذولفقار ذکی اردو لفظ شاعری

کوئی اس شہر میں الفت سے کہاں بولتا ہے

اب تو ہر شخص ہی نفرت کی زباں بولتا ہے

بحث و تکرار میں رہتا ہے ذکی چپ لیکن

جس جگہ بولنا واجب ہو ، وہاں بولتا ہے
۔ ۔ ۔

ہر ایک لڑکی کتابی دکھائی دیتی ہے ۔ ۔ ۔ عزیز فیصل

ڈاکٹر عزیز فیصل اردو لفظ شاعری

نظر میں کوئی خرابی دکھائی دیتی ہے

گرین ٹی بھی گلابی دکھائی دیتی ہے
۔ ۔ ۔
بڑھا چڑھا کے کسی کی بھی کیا کرے تعریف

وہ جس کو دیگ، رکابی دکھائی دیتی ہے
۔ ۔ ۔
بکاؤ لوگ جو بیٹھے ہیں بزم جاناں میں

مرے رقیب کی لابی دکھائی دیتی ہے
۔ ۔ ۔
منشیات کا تم پر نہ کیس بن جائے

تمھاری آنکھ شرابی دکھائی دیتی ہے
۔ ۔ ۔
مزاج ِ عشق میں رنگین کس قدر ہو گا

وہ جس کی وگ بھی خضابی دکھائی دیتی ہے
۔ ۔ ۔
مریدنی کے سراپے پہ گاڑھتا ہے نظر

یہ ڈبہ پیر کی ''ہابی'' دکھائی دیتی ہے
۔ ۔ ۔
بنا ہوا ہے پڑھاکو مرا'' نمازی'' شہر

ہر ایک لڑکی کتابی دکھائی دیتی ہے
۔ ۔ ۔

شب کو تارے مری جانب نگراں رہتے ہیں​ ۔ ۔ مصطفی زیدی

مصطفیٰ زیدی اردو لفظ شاعری

لاکھ لہروں سے اٹھا ہے مری فطرت کا خمیر​

لاکھ قلزم مرے سینے میں رواں رہتے ہیں

دن کو کرنیں مرے افکار کا منہ دھوتی ہیں​

شب کو تارے مری جانب نگراں رہتے ہیں​
۔ ۔ ۔

منگل، 24 اپریل، 2018

وہ انتقام کی آتش تھی میرے سینے میں ۔ ۔ ۔ جمال احسانی

جمال احسانی اردو لفظ شاعری

وہ انتقام کی آتش تھی میرے سینے میں

ملا نہ کوئی تو خود کو پچھاڑ آیا ہوں

میں اس جہان کی قسمت بدلنے نکلا تھا

اور اپنے ہاتھ کا لکھا ہی پھاڑ آیا ہوں
- - -

پیر، 11 دسمبر، 2017

اے میرے سارے لوگو! ۔ ۔ احمد فراز

 Urdu Poetry Ahmad Faraz

اے میرے سارے لوگو!

اب مرے دوسرے بازو پہ وہ شمشیر ہے جو

اس سے پہلے بھی مرا نصف بدن کاٹ چکی

اسی بندوق کی نالی ہے مری سمت کہ جو

اس سے پہلے مری شہ رگ کا لہو چاٹ چکی


پھر وہی آگ در آئی ہے مری گلیوں میں

پھر مرے شہر میں بارُود کی بُو پھیلی ہے

پھر سے "تُو کون ہے میں کون ہوں" آپس میں سوال

پھر وہی سوچ میانِ من و تُو پھیلی ہے


مری بستی سے پرے بھی مرے دشمن ہوں گے

پر یہاں کب کوئی اغیار کا لشکر اترا

آشنا ہاتھ ہی اکثر مری جانب لپکے

میرے سینے میں سدا اپنا ہی خنجر اترا

پھر وہی خوف کی دیوار تذبذب کی فضا


پھر ہوئیں عام وہی اہلِ ریا کی باتیں

نعرۂ حُبِّ وطن مالِ تجارت کی طرح

جنسِ ارزاں کی طرح دینِ خدا کی باتیں


اس سے پہلے بھی تو ایسی ہی گھڑی آئی تھی

صبحِ وحشت کی طرح شامِ غریباں کی طرح

اس سے پہلے بھی تو پیمانِ وفا ٹوٹے تھے

شیشۂ دل کی طرح آئینۂ جاں کی طرح


پھر کہاں ہیں احمریں ہونٹوں پہ دعاؤں کے دیے

پھر کہاں شبنمیں چہروں پہ رفاقت کی ردا

صندلیں پاؤں سے مستانہ روی روٹھ گئی

مرمریں ہاتھوں پہ جل بُجھ گیا انگارِ حنا


دل نشیں آنکھوں میں فرقت زدہ کاجل رویا

شاخِ بازو کے لئے زلف کا بادل رویا

مثلِ پیراہنِ گل پھر سے بدن چاک ہوئے

جیسے اپنوں کی کمانوں میں ہوں اغیار کے تیر

اس سے پہلے بھی ہوا چاند محبت کا دونیم

نوکِ دشنہ سے کھچی تھی مری دھرتی پہ لکیر


آج ایسا نہیں ، ایسا نہیں ہونے دینا

اے مرے سوختہ جانو مرے پیارے لوگو

اب کے گر زلزلے آئے تو قیامت ہوگی

میرے دلگیر مرے درد کے مارے لوگو

کسی غاصب کسی ظالم کسی قاتل کے لیے


خود کو تقسیم نہ کرنا مرے سارے لوگو
- - -

منگل، 28 نومبر، 2017

یہی ھنگامہء سود و زیاں تھا ۔ ۔ احمد ندیم قاسمی

Ahmad Nadeem Qasmi Urdulafz Poetry

یہی ھنگامہء سود و زیاں تھا

یہی بے رنگ اور بے رَس جہاں تھا

یہی میں تھا، یہی تُم تھے، لیکن

نہ جانے اُن دنوں یہ دل کہاں تھا
۔ ۔ ۔

پیر، 27 نومبر، 2017

پوچھے ہے کیا وجود و عدم اہل شوق کا ۔ ۔ مرزا غالب

Mirza Assad Ullah Khan Ghalib

پوچھے ہے کیا وجود و عدم اہل شوق کا

آپ اپنی آگ کے خس و خاشاک ہو گئے
۔ ۔ ۔

پلا دے اوک سے ساقی جو ہم سے نفرت ہے ۔ ۔ مرزا غالب

Mirza Assad Ullah Khan Ghalib

پلا دے اوک سے ساقی جو ہم سے نفرت ہے

پیالہ گر نہیں دیتا نہ دے شراب تو دے
۔ ۔ ۔

پھونکا ہے کس نے گوش محبت میں اے خدا ۔ ۔ مرزا غالب

 Mirza Assad Ullah Khan Ghalib

پھونکا ہے کس نے گوش محبت میں اے خدا

افسون انتظار تمنا کہیں جسے
۔ ۔ ۔

پھر اسی بے وفا پہ مرتے ہیں ۔ ۔ مرزا غالب

Mirza Assad Ullah Khan Ghalib

پھر اسی بے وفا پہ مرتے ہیں

پھر وہی زندگی ہماری ہے
۔ ۔ ۔

پوچھتے ہیں وہ کہ غالبؔ کون ہے ۔ ۔ مرزا غالب

Mirza Assad Ullah Khan Ghalib

پوچھتے ہیں وہ کہ غالبؔ کون ہے

کوئی بتلاؤ کہ ہم بتلائیں کیا
۔ ۔ ۔